اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو ان کا متبادل دیکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ شبر زیدی میرے فیورٹ ہیں،ان کی طبعیت خراب ہے اور وہ لمبی چھٹیوں پر ہیں، اگر ان کی طبعیت بہتر نہ ہوئی تو ان کا متبادل دیکھیں گے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نیا چیئرمین ایف بی آر اگر تلاش کیا تو شبر زیدی کی مشاورت سے کریں گے۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اپنے استعفے کی تردید کردی
اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت خراب ہے اور اس لیے وہ عارضی طور پر ذمہ داریاں نہیں سنبھال رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شبر زیدی نے کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی ہے، ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شبر زیدی نے صحت کی خرابی کے باعث عہدہ چھوڑا اور اپنے فیصلے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔