لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تاجروں کی کسٹم سے بہت سی شکایات سامنے آتی ہیں، درآمد کنندگان کے مسئلے کے حل کے لیے تاجروں کے ساتھ بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی مقصد صنعت اور تجارت بڑھانا ہے، کاروباری لوگوں کے ٹیکس مسائل پر توجہ دیں گے۔ کسٹم سے متعلق لوگوں کو مختلف شکایات ہیں۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تاجروں کی کسٹم سے بہت سی شکایات سامنے آتی ہیں، گرین چینل کو 40 سے بڑھا کر 60 فیصد کریں گے۔ درآمد کنندگان کو سیکشن 148 کے حصول میں مشکل ہوتی ہے، اب تک کسی کا اکاؤنٹ منجمد نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کے غلط استعمال کا سدباب کریں گے، ریٹیلر اور ایس ایم ای کے نظام پر قانون سازی ہوگی۔ آئی ایم ایف سے معاملے پر بڑی رعایت حاصل کی ہے۔ درمیانے درجے کے ریٹیلر سے بجلی کے بل کے حساب سے جانچ ہوگی۔ چینی پر ڈیلرز کا ٹیکس کم کیا ہے زیادہ نہیں، ہماری کوشش ہے کہ آٹو میشن کی طرف زیادہ جائیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ درآمد کنندگان کے مسئلے کے حل کے لیے تاجروں کے ساتھ بیٹھیں گے۔ اجناس کی مد میں مسائل میں کوتاہی پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ری فنڈ کا نظام نہیں چل سکا تو بات چیت کریں گے۔ زیرو ریٹڈ پر اپٹما سے بات چیت کے لیے جا رہا ہوں، معاملے پر جو بھی حقیقی مسائل ہوں گے ان پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کو نقصان پہنچانے والا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی ہدایت ہے گھی کی قیمت نہیں بڑھنی چاہیئے، ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ٹیکس نیٹ میں آنا چاہیئے۔ چیمبرز فیصلہ کرلیں وہ ٹیکس نیٹ میں نہیں آنا چاہتے تو وزیر اعظم کو بتا دیتا ہوں۔