اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصد زیادہ ٹیکس گروتھ حاصل کی، جولائی تا اکتوبر ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 454 ارب روپے جمع کیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ہزار 500 ارب ٹیکس ہدف کے لیے 43 فیصد کی گروتھ درکار ہے، جولائی تا اکتوبر 167 ارب روپے کا شارٹ فال رہا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر نے گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصد زیادہ ٹیکس گروتھ حاصل کی، جولائی تا اکتوبر ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 454 ارب روپے جمع کیے۔
شبر زیدی نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی مد میں جولائی تا اکتوبر 546 ارب روپے جمع ہوئے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں جولائی تا اکتوبر تقریباً 70ارب جمع ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی تا اکتوبر 209ارب کسٹم ڈیوٹی جمع ہوئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کا معاملہ ملتوی کر دیا گیا، ایف بی آر میں باقی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
شبر زیدی نے مزید کہا کہ تنظیم نو کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے، کمیٹی کے بعد نئی ٹائم لائن بھی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4 ماہ کا تقریباً 90 فیصد ٹیکس ہدف پورا کیا گیا۔
پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا، شبر زیدی
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا۔