قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو لنکا پریمیئر لیگ میں اپنی ہیٹ ٹرک کی تصویر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا۔
پالی کیلے میں کھیلے گئے لنکا پریمیئر لیگ کے میچ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاداب خان نے اپنے ڈیبیو پر کینڈی فیلکنز کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
شاداب خان نے ہیٹ ٹرک سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار بولنگ پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔
تاہم ورلڈکپ میں ان کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کا سامنا ہے اور جب انہوں نے لنکا پریمیئر لیگ میں اپنی ہیٹ ٹرک کی تصویر شیئر کی تو شائقین کرکٹ نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ آپ لیگز ہی کھیلیں، انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلیں۔ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’آپ لیگز کے ہی کھلاڑی ہیں۔‘
ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ ’اب ہم اس پرفارمنس کا کیا کریں۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان سے کھیلتے ہوئے کیا ہوجاتا ہے۔‘ ایک مداح نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’کسی کی چھت پر میچ کھیل کر آگئے۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’خوش تو ایسے ہورہے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کر آگئے ہیں۔‘