پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپینر شاداب خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
شاداب خان ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاداب خان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کی تصدیق کی۔
انہوں نے پاکستان کی طرف سے 98 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سابق لیگ اسپینر شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
شاداب خان نے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں 84 میچز کھیل کر 98 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاداب خان کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔ لیگ اسپینر نے پورے ٹورنامنٹ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز شاہد آفریدی کے پاس تھا۔
Elite bowler 🙌@76Shadabkhan is now Pakistan's leading wicket-taker in T20Is 🥇#WeHaveWeWill | #T20WorldCup | #PAKvENG pic.twitter.com/x1iuvJWdFO
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 13, 2022
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں شاداب خان نے لی، جبکہ شاہد آفریدی نے 99 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر 98 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ سابق فاسٹ بولر عمر گل نے 60 میچز میں 85 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے بعد وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
شاداب خان کے علاوہ پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے اسپینر سعید اجمل ہیں۔ سعید اجمل نے 64 میچز میں 85 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر اور ڈیتھ اوورز کے اسپیشلسٹ حارث رؤف 57 میچز کھیل کر اب تک 72 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔