شاداب خان کئی بار عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں انہوں نے خانہ کعبہ دیکھ کر سب سے پہلے کس کی شادی کی دعا کی یہ بات انہوں نے بتا دی۔
پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان جو کئی بار عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے خانہ کعبہ کو دیکھ کر پہلی دعا کیا مانگی تھی؟ اس کا انکشاف کئی سال بعد کر دیا۔
ایک ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو رہی ہے جسمیں انہیں اپنے ساتھی کرکٹرز سے ہنسی مذاق کرتے دکھایا گیا ہے اور اسی ویڈیو میں وہ سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کے ساتھ بھی خوش گپیاں کر رہے ہیں۔
اس موقع پر شاداب خان کہتے ہیں کہ خانہ کعبہ کو دیکھ کر جو دعا کرو وہ پوری ہوتی ہے۔ تو جب میں نے پہلی بار خانہ کعبہ کو دیکھا تو سب سے پہلے بابر اعظم کی شادی کے لیے دعا کی۔ اس دوران بابر اعظم قریب ہی کھڑے تھے جنہوں نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہائے یار نہیں۔
شاداب خان نے شادی کے حوالے سے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بابر کے ساتھ اب صائم ایوب کا بھی وقت آ گیا ہے۔
اس موقع پر مشتاق احمد سوال کرتے ہیں کہ اور نسیم شاہ کا؟ جس پر شاداب نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ نہیں اس کو ابھی انجوائے کرنے دیں۔
واضح رہےکہ بابر اعظم کے ہم عصر اور ٹیم میں ان کے اچھے دوست کہے جانے والے کرکٹرز شاداب خان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود سمیت کئی دیگر کرکٹرز گزشتہ دو سال میں رشتہ ازدواج میں بندھے اور اب والد ہونے کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔
تاہم کرکٹ فینز کو بابر اعظم کی شادی کا شدت سے انتظار ہے۔ اس حوالے سے آئے روز میڈیا میں افواہیں گردش کرتی ہیں مگر تاحال کوئی افواہ حقیقی خبر ثابت نہیں ہو سکی ہے۔