اسلام آباد: وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جسمانی حالت اور رپورٹ میں مطابقت نظر نہیں آرہی تھی، جب کہ ہم چاہتے ہیں اسکروٹنی تمام پارٹیوں کی ہو۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ رپورٹ دی گئی تھی کہ نواز شریف شدید علیل ہیں، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ان کی رپورٹس میں لفظ کرٹیکل استعمال کیا گیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ دوسری طرف ویڈیو میں نواز شریف صحت مند نظر آئے، رپورٹ اور ان کی حالت میں فرق عجیب ہے، پلیٹ لیٹس 2 ہزار تک گر جائیں تو پھر کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بھی کہا آئندہ 15 دنوں میں فیصلہ ہو سکتا ہے۔ ہمیں مسئلہ نہیں، چاہتے ہیں اسکروٹنی تمام پارٹیوں کی ہو۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کوئی قابل اعتراض فنڈنگ نہیں ہوئی، بیرون ملک سے پیسہ آنا غیر قانونی نہیں ہے۔
نواز شریف کے معاملے پر انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کوئی ڈیل نہیں کی نہ ہی اس پر یقین رکھتے ہیں۔