اسلام آباد : ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بین الصوبائی وزراتعلیم کانفرنس 16 نومبر کو طلب کرلی ، جس میں اسکولوں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کا اجلاس 16 نومبر کو طلب کرلیا گیا ، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے اجلاس طلب کیا، اجلاس 16 نومبر بروز پیر صبح 11 بجے این سی او سی میں ہوگا۔
اس حوالے سے تمام بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کے ممبرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے آج وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کےاجلاس میں ملک میں کورونا کیسز، ایس اوپیز پر عملدرآمد اور تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
این سی اوسی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرتعلیم کی زیرصدارت 16نومبر کو اعلیٰ سطح اجلاس ہوگا، 16نومبر کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
این سی او سی نے موسم سرما کی قبل از وقت تعطیلات کی سفارش بھی کی، قبل از وقت تعطیلات کی سفارش طلباکی حفاظت، وباکا پھیلاؤ روکنےکے لیے ہے۔