اسلام آباد: بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب میں بچوں سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے دل چسپ انداز میں اپنا تعارف کرایا۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر منعقدہ بچوں کے عالمی دن پر تقریب میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے خود کو چھٹیاں دینے والا انکل کہہ کر تعارف کرایا۔
شفقت محمود نے بچوں سے سوال کیا آپ کو پتا ہے میں کون ہوں؟ میں چھٹیاں دینے والا انکل ہوں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے اسکول کی چھٹیوں کے حوالے سے کہا کہ پچھلے سال تو بہت چھٹیاں ہو گئی تھیں لیکن اب نہیں ہوں گی، اب تعلم پر فوکس کرنا ہے تاکہ بچے پڑھ کر ترقی کر سکیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسموگ کے باعث اسکول بند نہیں ہوں گے۔
تقریب سے خطاب میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کسی قوم کی تہذیب کی نشانی بے سہارا بچوں کو سہارا دینا ہے، خوشی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اب 9 اضلاع میں موجود ہے، امید ہے ایک وقت ہوگا جب ملک میں کوئی بچہ بے سہارا نہیں ہوگا۔
قبل ازیں، صحافیوں سے گفتگو میں شفقت محمود نے کہا تھا کہ اب حالات ایسے نہیں ہیں کہ اسکول بند کرنے پڑیں، فیصلہ کیا ہے کہ تمام امتحانات بروقت اور مکمل سلیبس کے ساتھ ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا، انھوں نے کہا بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، محفوظ بچے ہی ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں، بچوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔