اسلام آباد : وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار یکساں تعلیمی نصاب رائج ہورہاہے ، اب پاکستانی بچے ایک ہی نصاب پڑھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یکساں تعلیمی نصاب کے اجرا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وزیرتعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم کے وژن اور پارٹی منشور کے تکمیل کا دن ہے اور اللہ کے فضل سے یکساں تعلیمی نصاب کی طرف بڑا قدم اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ کا دن ہمارے لئے امتحان ہے، ملک میں پہلی بار یکساں تعلیمی نصاب رائج ہورہاہے، نئےنظام کونافذکرنےکیلئے کئی چیلنجز کاسامنا کرناپڑاہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ تبدیلی کے عمل میں کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے ، دشواریوں کے باوجود یکساں تعلیمی نصاب کیلئے جدوجہد کی، حکومت کے 3سال کے اندر نصاب کیساتھ کتابیں بھی بنالی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم کا نظام معاشرے کی ناانصافی کو کم کرنے کے بجائے بڑھارہاتھا، ایک چھوٹا ساطبقہ تعلیم سےفائدہ اٹھارہاتھاجوناانصافی تھی، اب پاکستانی بچے ایک ہی نصاب پڑھیں گے۔