اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے ساتھ صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے ، صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے یا بند کرنے سے متعلق اہم فیصلہ آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے صوبائی وزرا ئے تعلیم کا اجلاس آج بلالیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود صوبائی وزرا ئے تعلیم کے اجلاس کی صدارت کریں گے، کانفرنس میں محکمہ صحت کے وزرا،متعلقہ حکام شرکت کریں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم آن لائن شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صحت اور تعلیم کے حوالے سے تجاویزپیش کی جائیں کی ، جس کے بعد تعلیمی ادارے کھلے رکھنے یا بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے ملک بھرمیں کورونا کیسزکی تعدادمیں مسلسل اضافہ جاری ہے ، ملک بھر میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح آٹھ اعشاریہ سات ایک تک پہنچ گئی ہے جبکہ کراچی میں کورونا کی شرح تیس فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔