جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی مسترد کردی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی کو مسترد کر دیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اخلاقیات کمیٹی سے متعلق حتمی فیصلہ کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کو 4 سال میں اخلاقیات کی کمیٹی بنانا تو یاد نہیں آیا، آج عمران کے معاملے پر سیاست کرنے کا موقع مل گیا ہے ،حکومت کا کمیٹی بنانے کا مقصد عمران کو نشانہ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات غیر جانبدار فورم پر ہوں اور فرانزک ایکسپرٹس کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ حقائق قوم کے سامنے آسکیں، انہوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں تاہم اس متعلق حتمی فیصلہ کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کے پیچھے نواز لیگ ہے اور اب نواز لیگ کے ارکان ہی جج بن کر فیصلہ سنائیں گے، شفقت محمود نے کہا کہ نواز لیگ کی نیت کا علم ہے یہ عمران خان پر جھوٹے الزامات کو سچ ثابت کرکے ان کے خلاف اسپیکر سے ریفرنس بھجوانا چاہتے ہیں۔

کرپشن کے پیسے پر پلنے والے بلاول بھٹو تہذیب کے دائرے میں سیاست کریں

شفقت محمود نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صاف ستھری اور تہذیب کے دائرے میں سیاست کریں، پیپلزپارٹی کا برا حال اسی کرپشن کی وجہ سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کرپشن کی بڑی مثال ہیں جنہوں نے عوام کا خون چوس کرکرپشن کی رقم باہرمنتقل کی، پیپلزپارٹی کو بھی اپنے 5 سال میں اخلاقیات کی کمیٹی بنانا یاد نہیں آیا، جتنے کارنامے اس دور میں ہوئے قوم کی یاداشت میں سب محفوظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے تو حیرانگی ہو رہی ہے کہ کرپشن کے پسیے سے پلنے والا بچہ دوسروں پر انگلیا ں اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم کے عہدے سے نا اہلی کا انتقام پاکستان اور عوام سے نہ لیں۔

نواز لیگ جی ٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے دراصل عدلیہ اور فوج کو برا بھلا کہنے کے لیے میلہ سجا رہی ہے اور نا اہل ہونے والے شخص کے لیے پنجاب کے سر کاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں