لاہور: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں مثبت تبدیلی آئے گی، مقروض ملک کاوزیراعظم شاہ خرچیاں نہیں کررہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے خطے کی ترقی دیکھ کر امریکہ نے وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی۔
اس دورے سے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں جو سرد مہری تھی اس میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے لطیفہ سناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کہتے ہوں گے عمران امریکہ جا کر کیا بولے گا پرچی تو میری جیب میں ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مقروض ملک کا وزیر اعظم شاہ خرچیاں نہیں کر رہا۔ نواز شریف پی آئی اے کا جہاز بھی لے جاتے تھے اور سو سو لوگ بھی ہمراہ ہوتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ معیشیت کی خرابی کے ذمہ دار ٹیکس نہ دینے والے لوگ ہیں۔