اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پنجاب ، خیبر پختونخوااورآزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آئندہ ہونیوالے بورڈزکےامتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تفصیلی بحث ہوئی ، پنجاب کے بیشتر اضلاع بالخصوص لاہور میں کیسز کی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ کےپی اور آزادکشمیر کے چند ضلع میں بھی صورتحال خراب ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم 11اپریل تک مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رہیں گے اور صوبائی حکومتیں فیصلہ کریں گی کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں۔
کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب کےبعض اضلاع خصوصاً لاہور میں کورونا کا پھیلاؤ تشویشناک ہے اور خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی کورونا کا پھیلاؤ ہے، تعلیمی ادارے اساتذہ کو اس دوران کام کیلئے اسکول بلاسکتے ہیں، تعلیمی ادارے بند ہونےسے بچوں کا نقصان ہوتاہے۔
انھوں نے اسلام آباد میں 11اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومت کو اختیار ہے کہ وہ متعلقہ اضلاع میں اسکول بند کرسکیں۔
بورڈز امتحانات سے متعلق شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آئندہ ہونیوالے بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شکایت آئی ہیں کہ کچھ اکیڈمیز مکمل طورپر کھلی رہتی ہیں، قانون کی خلاف ورزی پر تعلیمی ادارے کو سیل کیاجائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ 7اپریل کو صورتحال کاجائزہ لیں گے ، ضرورت پڑنے پر اس سے پہلے بھی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔