ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ٹاور پر ایک آرٹسٹ نے بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کا بہت بڑا دیواری پورٹریٹ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تجریدی آرٹ کے فن کار محمد العمار نے ریاض میں کنگ فہد روڈ کے ایک ٹاور پر بانی مملکت شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمٰن آل سعود کا سب سے بڑا دیواری پورٹریٹ بنا دیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق محمد العمار کا کہنا ہے کہ مذکورہ دیوار 120 میٹر اونچی ہے، اور اس کا مجموعی رقبہ 1200 مربع میٹر ہے۔
فنکار العمار کے مطابق دیواری پورٹریٹ کی تیاری میں 40 سے 50 دن صرف ہوئے، یہ ایسا آرٹ ہے جو ہواؤں اور بارشوں جیسی موسمی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوتا، اور اس میں جو رنگ استعمال کیے گئے ہیں وہ موسم سے متاثر نہیں ہوتے۔
محمد العمار نے بتایا ’’مجھے بچپن سے ہی بڑے سائز کے پورٹریٹ بنانے کا شوق ہے، بلند مقامات پر پورٹریٹ کا اپنا ایک رنگ ہوتا ہے، یہ اپنی نوعیت کا میرا پہلا تجربہ ہے۔‘‘
سعودی آرٹسٹ نے کہا ’’میں کنگ عبدالعزیز دیواری پورٹریٹ کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔‘‘