کراچی: سندھ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جیکب آباد ریلوے ٹریک بم دھماکے میں نامزد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کی، اس دوران دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جیکب آباد ریلوے ٹریک پر بم دھماکے میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار
گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ ، دستی بم، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، مبینہ دہشت گردوں سے مزید تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جیکب آباد ریلوے ٹریک پر بم دھماکوں سے متعلق یہ دوسری بڑی کارروائی ہے اس سے قبل رواں سال ستمبر میں بھی ملیر کے علاقے سکھن میں اہم کارروائی کی گئی تھی اس دوران کالعدم تنظیم کا کارندہ گرفتار کیا گیا تھا۔
پندرہ نومبر کو بھی کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتارکیا تھا، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔