جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد سے فون پر رابطہ کر کے کشمیر میں بڑھتی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بھارت کا نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کلسٹر بم کا استعمال، وزیراعظم عمران خان کا عالمی برادری سے نوٹس کا مطالبہ

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں اضافے کا سبب ہیں، او آئی سی فوری طور اس گھمبیر صورت حال کا نوٹس لے۔

دریں اثنا، سیکریٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف احمد نے کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلسٹر بم کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں