اسلام آباد: شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اعجاز شاہ نے وزیرستان اور بلوچستان میں فوجی جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے.
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی، جس سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے. بعد ازاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی بلوچستان کےایک افسر سمیت 4 اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا.
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں امن و استحکام نہیں چاہتیں، یہ بزدلانہ کارروائی ہے.
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بغیرحقائق جانے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ملک دشمن قوتیں کسی کی خیرخواہ نہیں، ابھی ان ملک دشمن قوتوں کا نام نہیں لینا چاہتا.
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اس کی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لئے ہمارے دل روتے ہیں، ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں.
انھوں نے کہا کہ یہ دشمن کی آخری حرکتیں ہیں، انھییں منہ کی کھانی پڑے گی، پاکستان کی کامیابیاں دشمنوں سے ہضم نہیں ہو رہی، ہمیں پتہ ہےبی ایل اےکوکون سپورٹ کررہا ہے، پاکستان ان حالات پرقابو پا لے گا.
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دشمن عناصرنہیں چاہتے کہ پڑوسی ممالک میں امن ہو.