اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا، وزیر خارجہ آج ترک اور فلسطینی وزرائے خارجہ کے ہمراہ اقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشائیے کا اہتمام نیویارک میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں کیا گیا۔ عشائیے میں ترکی، فلسطین اور تیونس کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔
عشائیے میں صدر جنرل اسمبلی اور او آئی سی کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین نے بھی شرکت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین میں جاری مظالم رکوانے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطین میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔
H.E Makhdoom Shah Mahmood Qureshi, Foreign Minister of Pakistan speaking at the working dinner in honor of visiting Foreign Ministers, at Pakistan Mission to the United Nations, 🗽 19th May 2021.@SMQureshiPTI #FMPakistanAtUN @ForeignOfficePk @FMPublicDiploPK @PakistanPR_UN pic.twitter.com/bxo9BNPztb
— Permanent Mission of Pakistan to UN, NY (@PakistanUN_NY) May 20, 2021
عشائیے میں وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور دنیا کی توجہ فلسطین کی صورتحال کے جانب مبذول کروانے کے لیے بھی مشاورت کی۔
یاد رہے کہ فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز ترکی پہنچے تھے، وہ وہاں سے ترک اور فلسطینی وزرائے خارجہ میولوت چاؤش اوغلو اور ڈاکٹر ریاض المالکی کے ہمراہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوئے تھے۔
Proud to join @MevlutCavusoglu as we stand united, shoulder to shoulder, with our brother FM Dr Riyad Al Maliki from Palestine. Together, we will stand for the people of #Palestine at #UNGA75#TogetherForPalestine pic.twitter.com/yXc7a2H7Oo
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) May 19, 2021
ترکی پہنچنے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے او آئی سی اجلاس کی سربراہی کی، امت مسلمہ نے فلسطین کی صورتحال پر متفقہ قرارداد منظور کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال پر دنیا میں عوامی ردعمل بہت حوصلہ افزا ہے، فلسطین کےعوام نے بھی کہا کہ ہم متفق ہو کر اپنے حقوق کے لیے اکٹھے ہوں گے، یورپی ممالک میں 65 ملین مسلمان مل کر سول سوسائٹی اور ارکان پارلیمنٹ سے رجوع کریں، یورپی ممالک میں مقیم مسلمان فلسطین پر ظلم رکوانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔