اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ اگر خواجہ آصف مذاکرات میں نہ بیٹھیں تو کسی نے ان پر زبردستی تو نہیں کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ نے حکومتی اتحاد کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں کہا ’’ہم مسئلہ حل کرنے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، خواجہ آصف کو مذاکرات پر اعتراض ہے تو اپنی جماعت کو بتائیں۔‘‘
انھوں نے کہا ’’ہم ملکی مفاد کے لیے اتفاق کی پوری کوشش کریں گے، تاہم حکومتی صفوں میں یک سوئی نظر نہیں آ رہی ہے، خواجہ آصف مذاکرات میں نہ بیٹھیں کسی نے زبردستی تو نہیں کی، انھیں مذاکرات پر اعتراض ہے تو اپنی جماعت کو بتائیں۔‘‘
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ 13 جماعتی اتحاد میں یک سوئی نہیں ہے، ان جماعتوں میں نظریاتی اور جذباتی ہم آہنگی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات ہو رہے ہیں، ہم آئین پاکستان کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ سے اظہار یک جہتی کریں گے۔
یوم مئی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یوم مزدور پر ریلیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ مزدوروں کا گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔