کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے نئے مقرر کردہ وزیر خارجہ ڈائنش گناور دینا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے عالمی کرکٹ بحال ہوئی، پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کے لیے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔
انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں پاکستان تشریف لانے اور بدھ مذہب کا تاریخی ورثہ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔