واشنگٹن: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر ابھی کسی فورم پر بات نہیں ہوئی.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ دورہ امریکا مثبت سمت میں چل رہا ہے.
شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ وزیراعظم نے کہا تھا عافیہ صدیقی اور شکیل آفریدی کے تبادلے پر غور ہوسکتا ہے.
وزیرخارجہ نے کہا کہ ماضی کو دفن کرکے مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں، دورہ امریکا سے نئے باب کاآغاز ہوا ہے.
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیپٹل ہل میں ارکان کانگریس سے خطاب کریں گے، کیپٹل ہل میں کانگریس ارکان کی اتنی بڑی تعداد پہلے کبھی نہیں آئی.
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں نہ تو امداد مانگی، نہ ہی ہم امداد چاہتے ہیں، عمران خان
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کے کیس پر ابھی بات کی جائے گی.
بعد ازاں انھوں نے امریکی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شکیل آفریدی اور عافیہ صدیقی کے تبادلے کو امکانی قرار دیا تھا.