ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کو جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ فنکشنل ہوجائے گا، جو پیسہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص ہوگا وہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایک ابہام ہے جس کو دور کرنا چاہتا ہوں، مشاورت کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کا دیرینہ مطالبہ منشور کا حصہ بنایا۔ آئینی ترمیم درکار ہے اس کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیئے جو ہمارے پاس نہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق بل لائے گی، بل پر دیگر جماعتوں سے تائید و حمایت کی کوشش کی جائے گی۔ جنوبی پنجاب صوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ حکومت اپنے کیے گئے وعدے پر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے کہتا ہوں صوبے کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ واضح کہہ رہا ہوں بہاولپور سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ سیکریٹریٹ بنانے کے لیے ہمیں کوئی آئینی ترمیم درکار نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا وہ کوئی رائے مسلط کرنا نہیں چاہتے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا اتفاق رائے قائم ہو۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2 افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ساؤتھ اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ تعینات ہوں گے۔ یکم جولائی کو جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ فنکشنل ہوجائے گا۔ جو وسائل درکار ہیں بجٹ میں مختص کیے جائیں گے۔ مسائل کے حل کے لیے یہاں کے لوگوں کو لاہور جانا نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی اور ضرورت کے مطابق بجٹ میں 35 فیصد مختص ہوگا۔ جو پیسہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص ہوگا وہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا۔