ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے، ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ منظور آباد اور قاسم پور کالونی کے احساس کفالت سینٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین سے گفتگو کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام بڑا پیکج ہے، 1 کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں، متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے، ملتان میں متاثرین میں اب تک 1 ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں۔ ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز تھا، ملتان قرنطینہ میں چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں امدادی رقم کی ترسیل کا آج دسواں دن ہے، امدادی رقم کے لیے مجموعی طور پر 25 سینٹر فعال ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1 لاکھ 358 متاثرہ خاندانوں کو امداد دی گئی، دوسرے مرحلے میں 37 ہزار 961 متاثرین کو امداد دی جا رہی ہے۔ تیسرے مرحلے کے متاثرین کی فہرست پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تیار کر رہا ہے۔
ڈی سی نے مزید بتایا کہ متاثرین کو گھروں پر اطلاع دے کر امداد حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، سینٹرز بند ہونے کے بعد بھی متاثرین بینکوں سے امداد حاصل کر سکیں گے۔