جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس میں شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔

قبل ازیں شاہ محمود قریشی اور عدالتی عملے کے درمیان دل چسپ مکالمہ بھی ہوا، عدالت پہنچنے پر عملے نے شاہ محمود کو آگاہ کیا کہ جج صاحب جیل سماعت کے لیے گئے ہیں، جج صاحب سے پوچھ لیتے ہیں اگر وہ کہتے ہیں تو آپ کو حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے عدالتی عملے سے استفسار کیا کہ جیل میں آج کیا ہے؟ میری ضمانت کے کیس کا کیا ہوا؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل میں آج چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی سماعت ہے، آپ کی ضمانت کی درخواست پر کل سماعت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اس پر عدالتی عملے سے استدعا کی کہ ’’پلیز مجھے ٹھنڈا صاف پانی دے دیں۔‘‘

جوڈیشل کمپلیکس میں شاہ محمودقریشی نے میڈیا سے بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا ’’میں ملک سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا، جیل میں میرے بیرک کے ساتھ پھانسی گھاٹ ہے، اگر میں نے ملک سے غداری کی ہے تو مجھے پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔‘‘

انھوں نے ایک سوال پر کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہی پارٹی چیئرمین ہیں، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں