اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ پیرو اور جمہوریہ ڈومینیکن کے وزرائے خارجہ سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق فون پر رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے پیرو اور جمہوریہ ڈومینیکن کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور مقبوضہ جمّوں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر ان کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے پیرو کے وزیر خارجہ نیسٹر پوپولیزیو کو مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا، اور کہا بھارت نہتے کشمیریوں کو ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے، 14 ملین کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صورت حال گھمبیر ہے، بچوں کی ادویات، خوراک کی قلت ہو چکی، بھارتی حکومت اپنے اقدامات سے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتی ہے، عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
یہ بھی پڑھیں: امید ہے سلامتی کونسل کشمیر کے مظلوم عوام کی مشکلات کا حل نکالے گی، ملیحہ لودھی
پیرو کے وزیر خارجہ نے خطے کے استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔
بعد ازاں وزیر خارجہ نے جمہوریہ ڈومینیکن کے وزیر خارجہ کو بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے خوراک کی شدید قلت ہو چکی ہے، بچوں کا دودھ اور ادویات تک میسر نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ذرایع مواصلات پر پابندی کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، وزیر خارجہ جمہوریہ ڈومینیکن نے کہا کہ ہم کشمیر اور خطے کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔