اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا آصف زرداری نے فراخدلی سے بہت اہم فیصلے کیے، اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے باہرنہ رہنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، اپوزیشن جومثبت بات کرے گی، ہم میں سننے کا حوصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری بڑی جماعت کی نمائندگی کررہے ہیں، انھوں نے فراخدلی سے بہت اہم فیصلے کیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے باہرنہ رہنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، خورشید شاہ نے جو گفتگو کی یہ سیاسی عقل مندی کا مظاہرہ ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا اپوزیشن میں پیپلزپارٹی کیساتھ بیٹھے تھے مل کرکام کیا، خورشید شاہ نے مشترکہ اپوزیشن لیڈر کا بھرپور کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں حلیف جماعتوں کا ساتھ دینے کا شکریہ اداکرتےہیں، 176ووٹوں کا حساب لگا کر آئے تھے، الحمداللہ اتنے ہی ووٹ ملے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزب اختلاف کارول تسلیم کرتےہیں، اپوزیشن جومثبت بات کرےگی ہم میں سننے کا حوصلہ ہے۔
مزید پڑھیں : تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ میں اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں ،پاکستان کے معاشی چیلنجز بے پناہ ہیں دعاگو ہوں آپ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے، اسدقیصرکوایک سو چھیترووٹ پڑے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے خورشیدشاہ ایک سو چھیالیس ووٹ حاصل کرسکے۔