پاکستان تحریک انصاف کے دو سال سے اسیر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جیل سے باہر پارٹی قیادت سے بڑی اپیل کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تقریباً دو سال سے اسیر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جیل سے باہر پی ٹی آئی قیادت سے باہمی اتفاق رکھنے کی اپیل کر دی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کی جو قیادت جیل سے باہر ہے۔ ان سے ایک اپیل کرتا ہوں کہ وہ باہمی اتفاق اور حسن سلوک برقرار رکھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے پارتی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو جیل میں پڑے ہیں، وہ آپ کی طرف دیکھ رہیں ہیں۔ آپ سے استدعا ہے کہ اتفاق اور حسن سلوک برقرار رکھیں اور جیل والوں کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت جو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کر رہی ہے۔ اس سے جو جیلوں میں ہیں، ان کے دل جلتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ میرے خلاف جو مقدمات بنے ہیں، ان میں ایک ہی الزام ہے۔ جب کہ میں کسی سازش، توڑ پھوڑ یا شر انگیزی کے واقعہ میں موجود نہیں تھا۔
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میں ان کی کارکردگی پر خاموشی اختیار کروں گا۔ میں وزیر خارجہ رہا ہوں اور میرا کام سفارت کاری اور آگ بجھانا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کے ایک دوسرے پر الزامات، چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم اقدام