بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا: وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا۔ نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں خارجہ پالیسی کو چیلنجز اور طے شدہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح اور مسائل کے حل کی ہدایات دے دیں، کونسلر سیکشن کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر خارجہ نے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزا کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرا نے تارکین وطن کے لیے امیگریشن کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں