اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، اسپتالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس ملازمین پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وزیر خارجہ نے شہداء کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال کے دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔