ایبٹ آباد : وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محود قریشی نے کہا ہے کہ قوم کوعمران خان کی شکل میں مسیحا نظر آیا ہے اور پوری قوم عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے ایبٹ آباد میں جاری جلسے سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی نظر آرہی ہے اور قوم کے لیےامید کی آخری کرن کےطور پر عمران خان سامنے آیا ہے جس کی قیادت میں پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والے آج معزز دکھائی دیتے ہیں جب کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو آج کٹہرے میں کھڑا کیا جارہا ہے اور ہم حساب دینےکے لیے تیار ہیں اور کٹہرے میں کھڑے ہوکر اپنی سچائی کی گواہی دیں گے لیکن حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپشن اور کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرتے رہیں گے۔
*اداروں کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے، شیخ رشید
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے لوٹ مارکی سیاست نہ پہلے کی ہے، نہ کریں گےاور نہ ہی کسی کو کرنےدیں گے اسی لیے پی ٹی آئی کی سونامی کو روکنے کے لیےسب متحد ہوجاتے ہیں تاکہ کرپشن کے خلاف بات نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاناما کیس میں بننے والی جےآئی ٹی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کریں گے حکمران رکاوٹیں ڈال کر وقت ضائع کرنے کی کوشش کریں گے۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ کےپانچوں ججوں نے نوازشریف کے موقف کو مسترد کیا اور آج ہزارہ کےعوام (ن) لیگ کو مسترد کر چکے ہیں، سن لو نوازشریف !!! تم لوگوں کے دلوں سے اتر چکے ہیں۔