گجرانوالہ : پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی حقیقی آزادی مارچ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی لانگ مارچ کے دوران زخمی ہوگئے۔
وہ لانگ مارچ کے مرکزی کنٹینر پر سوار تھے کہ اوپر والے حصے کی جانب جاتے ہوئے اچانک ان کا سر فلائی اوور سے ٹکرا گیا جس سے ان کے سر سے خون بہنے لگا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق کنٹینر میں موجود ریسکیو عملے نے موقع پر ہی شاہ محمود قریشی کی مرہم پٹی کردی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں ٹھیک ہوں، سر پر معمولی چوٹ آئی ہے، کنیٹنر کے نچلے حصے سے بالائی حصے میں جاتے ہوئے چوٹ لگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنا خطاب ختم کرکے میری خیریت بھی دریافت کی ہے۔