اٹک : پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اٹک جیل سے رہائی کے بعد اپنے نئے عزم اور حوصلے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد یہ تاریکی اجالوں میں بدل جائے گی۔
جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے گرفتاریاں دے کرخوف کا بت توڑا ہے، بند چکیوں میں نظربندی میری سیاسی زندگی کا حصہ بن چکی ہے، جیل بھرو تحریک سے ہمارے حوصلے پست نہیں بلکہ اور بلند ہوئے ہیں۔
شاہ محمودقریشی نے عوام کو پیغام دیا کہ پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دینا ہے کیونکہ سال 2018کے الیکشن میں ہماری کامیابی ادھوری تھی، اب ہم نے اس کامیابی کو مکمل کرنا ہے۔
اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ملک تو بنا گئے لیکن قوم نہ بنا سکے، آج وقت ہے ان غلامی کی زنجیروں سے آزادی کا، عمران خان سے کہوں گا کہ صرف وزیراعظم نہیں بننا قوم بنانی ہے۔
پیپلزپارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زر اور زرداری کی وجہ سے ذوالفقاربھٹو کا روٹی کپڑا مکان کاخواب پورا نہ ہوسکا، ہمیں ایک خودارخارجہ پالیسی چاہیے۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آئیں مل کرعمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں اور ایک نئی سوچ کا آغازکریں، پرانے چوروں سے نیا کستان نہیں بن سکتا، ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے چند لمحوں بعد یہ تاریکی اجالوں میں بدل جائے گی۔
اٹک جیل سے رہائی ملنے کے بعد شاہ محمود قریشی نے پرجوش کارکنان کے ہمراہ فرط جذبات سے مغلوب ہوکر "کون بچائے گا پاکستان عمران خان، عمران خان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔