اشتہار

’اگر وفاداری تبدیل کرنا ہوتی تو راجا ریاض کی جگہ میں اپوزیشن لیڈر ہوتا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر وفاداری تبدیل کرنا ہوتی تو راجا ریاض کی جگہ میں اپوزیشن لیڈر ہوتا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی دی جا رہی ہے کہ میرے زین قریشی کو گرفتار کرکے تشدد کیا جائے گا۔ ہر باپ کو بیٹا عزیز ہوتا ہے اور مجھے اپنا بیٹا خود سے زیادہ عزیز ہے۔ منصوبہ سازوں سے کہتا ہوں زین قریشی یہاں کھڑا ہے کل نہیں ابھی آؤ اور گرفتار کرلو۔ میرا بیٹا بہادری سے گرفتاری دے گا مگر گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔ اگر وفاداری تبدیل کرنا ہوتی تو راجا ریاض کی جگہ میں اپوزیشن لیڈر ہوتا۔ راجا ریاض ان کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنا ہوا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد روانہ ہوگیا مگر قوم کو کوئی نوید نہیں سنائی گئی۔ کیا مریم نواز قوم کو بتائیں گی کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ طے پایا؟ نیا معاہدہ کر کے قوم پر مہنگائی کا نیا بم گرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ معیشت ٹھیک کر سکے اور نہ مہنگائی کم کرسکے۔ 9 ماہ میں ان کی کارکردگی عوام کے سامنے آ چکی ہے۔ آج ن لیگ عوام کا سامنا نہیں کر سکتی ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں کارکنان وہاں گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔

- Advertisement -

شاہ محمود نے مزید کہا کہ پولیس نے رات گئے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے۔ یہ ضمنی انتخابات خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔ انتظامیہ کو تنبیہہ کی جائے کہ بلاوجہ معاملات خراب نہ کریں۔ ہم نے نشیب و فراز دیکھے ہیں دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا اعلان ہونے پر میں پہلا کارکن تھا جس نے اس تحریک کے لیے خود کو پیش کیا۔ ہم سیاسی انداز میں مقابلہ کریں گے اور اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے نقطہ نظر پیش کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں