اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتیں بالخصوص مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی شہریار آفریدی نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں شہریار آفریدی نے عالمی فورمز پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوتوا سرکار نے غلط پالیسیوں سے سیکولر بھارت کا تشخص خاک میں ملادیا، پلوامہ ڈرامہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، ہم نے ڈوزیئر میں پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کے شواہد سامنے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے، نئی امریکی انتظامیہ کو ساری صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں مصالحانہ کرداردنیا سراہ رہی ہے، وزیر اعظم نے بھارت کو 2قدم بڑھنےکی پیشکش کی، بھارت نے پیشکش پر توجہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نےبھارتی کسانوں کوجھانسےدینےکی کوشش کی اس کےباوجود کسانوں کی آواز دبانے میں ناکام رہی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، بھارت کا مؤقف مضبوط ہے تو گفت وشنید سے کیوں گھبرا رہا ہے، دنیا کو بار آور کرا رہے ہیں کشمیر فلیش پوائنٹ ہے ، جلد اور مستقل حل ناگزیر ہے۔