اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی مقبوضہ کشمیر پر مؤثرکردار ادا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، ڈائریکٹر جنرل اقوام متحدہ اور وزارت خارجہ افسران بھی شامل رہے۔
ملاقات میں جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلقہ امور اور ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وولکن بوزکر کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے لیے جاری ایجنڈا خوش آئند ہے، جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ڈی جی یو این اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران کی شرکت۔ pic.twitter.com/wj6aq7wCra— Govt of Pakistan (@pid_gov) August 10, 2020
انہوں نے کہا کہ ایک طرف دنیا کرونا وائرس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے، دوسری طرف عالمی معاشی بحران کو پنپتا ہوا دیکھ رہے ہیں، پاکستان وبائی تناظر میں جنرل اسمبلی اجلاس کے طریقہ کار سے متفق ہے۔
وزیر خارجہ نے کرونا وائرس سے نمٹنے اور معیشتوں کی بحالی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے بہت سے ممالک کوششیں کر رہے ہیں، توقع ہے کہ کرونا ویکسین میں ترقی پذیر ممالک کو ترجیح بنائی جائے گی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ نے نو منتخب صدر کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے عالمی قوانین کی بھی صریحاً خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ اقدامات کیے، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، نہتوں پر فائرنگ اور تشدد معمول ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارتی قابض فوج معصوم شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے، اس کی توثیق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے 8 اگست 2019 کے بیان میں بھی کی، توقع ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی مقبوضہ کشمیر پر مؤثرکردار ادا کرے گی، پاکستان تمام عالمی فورمز کو بھارتی عزائم سے متعلق آگاہ کر چکا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں درمیان افغان امن عمل اور خطے میں امن و استحکام کی کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن کے لیے مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کر رہا ہے، خطے میں دیرپا امن کے لیے بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔