ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری قوم کرونا کے ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹائیگرزفورس کو فعال بنانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہوگئے۔انہوں نے اپنے حلقے این اے 156 سے کرونا بچاؤ مہم کا آغاز کر دیا۔
وزیر خارجہ نے ٹائیگرز فورس رضا کاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں نے وزیر اعظم کی اپیل پر لبیک کہا،نوجوان پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک وقوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری قوم کرونا کے ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے،ہم نے مل کر بحیثیت قوم اس عالمی وبا سے لڑنا اور شکست دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ،سفید پوش طبقہ معاشی سرگرمیاں معطل ہونے پر محدود ہو کر رہ گیا،ان کو رازداری کے ساتھ راشن پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے،اس سارے ریلیف مشن کی خود نگرانی کروں گا،آپ مجھے قدم قدم پر اپنے ساتھ مصروف عمل پائیں گے۔