ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں میں کوئی اختلاف نہیں، حج پر جانے سے پہلے جہانگیر ترین سے مل کر گلے شکوے دُور کرلیے آج گورنر پنجاب چوہدری سرور کو بھی گلے لگایا۔
یہ بات انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حج پر جانے سے پہلے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ان سے کہا کہ میرے دل میں کوئی ایسی کوئی بات نہیں۔
پارٹی الیکشن کے دوران چوہدری سرور کےمخالف دھڑے میں تھا آج گورنرپنجاب چوہدری سرور سے بھی گلے مل کر ان کو گلے لگایا ہے، جو باتیں دل میں تھیں وہ دفن کرچکا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھا کہ پی ٹی آئی حکومت آبھی گئی تو پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہوگی، انشااللہ اب سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، ہم سب کو ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے، چاہتا ہوں کہ ہر کسی کو ایک جیسی عزت ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا پہلا بجٹ 2019میں پیش کیا گیا، ملک میں سرمایہ کاری ایک طرح سے نہ ہونے کے برابر تھی، جتنا کاروباری طبقہ تھا وہ ن لیگ کی جیب میں تھا، اس وقت کےحالات میں ہم نے بہت مشکل فیصلے کئے۔
ہمیں پتہ ہے ڈالر مہنگاہوا ہے تو قیمتیں بھی بڑھی ہیں، آج چین کے بڑے بڑے سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار ہیں، آج پھر کہتا ہوں کہ سی پیک کا منصوبہ بھی مکمل ہوگا، شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے جو عمران خان کو عزت دی ہے وہ برقرار رہے گی۔
میرے دوستو! اللہ سب کی نیتوں کو جانتا ہے، انشااللہ ہم ملتان کی ترقی کیلئے بھرپور کام کریں گے، میں ہوائی بات نہیں کررہا،16اکتوبر کو ٹینڈر کھل جائے گا، ہم نے کوئی مال بنانے کی سیاست نہیں کرنی ہے، پاکستان اللہ کے کرم سے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کھڑا تھا، عمران خان انشاءاللہ ایران اور سعودی عرب جارہے ہیں، عمران خان اسلامی برادر ممالک میں غلط فہمیاں دور کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعد انشاءاللہ اب سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، چین، سعودی عرب اور یواے ای ہماری مدد نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔