ملتان : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عدلیہ اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، کرپٹ لوگ بلاول زرداری کے ساتھ ہوں گے تو پنجاب میں انہیں زیادہ پزیرائی نہیں ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن معاشرے کو چاٹ رہی ہے اس کا تدارک کرنا ہوگا۔
پی ایس ایل میں دو بڑے نامور کھلاڑیوں پر سنگین الزامات لگے ہیں، کرکٹ میں کرپشن ہوتی رہی تو ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس میں حکومت کے وکیل کو نقطہ نظر پیش کرنے میں دقت پیش آرہی ہے۔
حکومت عدلیہ اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ملٹری کورٹس اپنی جگہ لیکن حکومت اپنا کام بہترانداز میں نہیں کرپائی۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امرکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اپنے اقدامات سے اپنی عدالتوں کو بھی مطمئن نہیں کر پائے، ٹرمپ نے عوام اور اسلامی ریاستوں کی دل آزاری کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپٹ لوگ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوں گے تو پنجاب میں پیپلز پارٹی کو زیادہ پزیرائی نہیں مل سکے گی،بلاول بھٹو کا پورا حق ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو منظم کریں۔