اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت کٹھن حالات سے دوچار ہے، پوری قوم کی یکجہتی اشد ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان سے بھی بات کروں گا، ہم نئی صورتحال کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے ہم نے جو اقدامات کئے وہ بہت زبردست ہیں ان سے دنیا کو آگاہی دے رہے ہیں۔
بھارتی جارحیت پر سفارت کاری سے دنیا کو اپنا مؤقف احسن طریقے سے پہنچا رہے ہیں، ہمیں درپیش بیرونی چیلنجز پر مل بیٹھ کر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ کو بتا دیا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے متعلق مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں، جرمنی اور ترک وزرائےخارجہ بھی جلد پاکستان تشریف لارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کو بھی پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کروں گا، اس کے علاوہ امریکا کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کا بھی نقطہ نظر سنوں گا۔