اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو پاکستان زیادہ متاثر ہو گا تاہم پاکستان، افغانستان میں امن کیلئےمصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائےامورخارجہ کااجلاس ہوا، اجلاس میں افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں پاکستان میں کورونا کی موجودہ صورتحال، معاشی مضمرات ،اقدامات سمیت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ودیگر سفارتی امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت مؤثر حکمت عملی سےکورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی، کورونا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے داسوواقعےکی تحقیقات میں اب تک کی پیشرفت اراکین کونسل کو آگاہ کرتے ہوئے کہا دہشت گرد کارروائیوں میں افغان سر زمین کا استعمال ہوناافسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطےمیں تعمیرو ترقی ،روابط کے فروغ کیلئے امن کو ناگزیر ہے، افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو پاکستان زیادہ متاثر ہو گا تاہم پاکستان، افغانستان میں امن کیلئےمصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔