اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ ن لیگ تصادم اور سیاسی شہید بننا چاہتی ہے، یہ دنیا میں خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کررہےہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کرپشن کےریفرنسز سے توجہ ہٹ جائے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمودقریشی نے وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیان پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ احسن اقبال خود بے بسی کا مظاہرہ کرتے رہے، قلمدان بھی آپ کا،وزارتیں بھی آپ کی ہیں، مستعفیٰ ہونےکی دھمکیاں بھی آپ دے رہےہیں، لوگوں کو حقیقت بتائیں آپ چاہتے کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روزانہ عدلیہ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہیں،کیا اداروں میں تصادم چاہتےہیں، یہ لوگ تصادم ہی چاہتے ہیں، یہ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، یہ دنیا میں خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کررہےہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کرپشن کےریفرنسز سے توجہ ہٹ جائے، حکومت نے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، عوام کے مسائل حکومتی کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
مزید پڑھیں : ستم ظریفی ہے بانی ایم کیوایم آج نوازشریف کےحق میں بیان دے رہے ہیں، شاہ محمود
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے، کسان اور صنعتی طبقے کے لوگ رو رہےہیں، بدقسمتی سے حکومت کے پاس بنیادی مسائل حل کرنے کا وقت ہی نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یہ لوگ جمہوریت ڈی ریل اور ملک کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں، یہ لوگ کرتے کچھ اور کہتے کچھ اور ہیں، میڈیا کو عدالت میں کوریج کا موقع ملناچاہئے تھا۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی ہے بانی ایم کیوایم آج نوازشریف کےحق میں بیان دے رہے ہیں، حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔