اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے لیے نفرت بڑھ چکی ہے، یہ نفرت بھارتی رکاوٹوں سے نہیں تھمے گی اور نہیں رکے گی۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کا باشعور طبقہ امن کے پیغام کا حامی ہے، پاکستان اور بھارت کا رویہ دنیا کے سامنے ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف تحریک زور پکڑ چکی ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کوئی موقع نہیں دیا اور کرتارپورمعاہدہ مکمل کیا، پاکستان نے یاتریوں کے لیے ایک سال کی ویزہ کی شرط ختم کی ہے، عمران خان نے پاکستان کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارتی پنجاب کی سرحدیں پاکستان سے ملتی ہیں، مشرقی پنجاب میں پاکستان کے لیے خیرسگالی پیدا ہوچکی ہے، پاکستان کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے لیے نفرت بڑھ چکی ہے، یہ نفرت بھارتی رکاوٹوں سے نہیں تھمے گی اور نہیں رکے گی۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے، کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی ، جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شرکت کریں گے، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا۔