بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، شاہ محمود قریشی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے مکمل کرنے کے لیے ہم سب متحد ہیں کیوں کہ مسئلہ کشمیر پر کسی سیاسی جماعت میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس مسئلے پر بلائی گئی اہم کانفرنس میں آزاد کشمیر کی حکمراں جماعت کی عدم موجودگی باعثِ شرم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نہتےکشمیریوں پر بھارت کی مجرمانہ بربریت آج بھی جاری ہے جب کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سےمسئلہ کشمیرکوایک نئی قوت ملی لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت نےمسئلہ کشمیرکوپسِ پشت ڈال دیا ہے۔

وائس چیئرمین تحریک انصاف نے کانفرنس میں مسلم لیگ ن کی عدم موجود گی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عدم موجودگی سے حوصلہ شکنی ہوئی ہے میرادل کہتاہے کہ قائد ایوان راجہ ظفرالحق آج کانفرنس میں آنا چاہتے ہوں گے لیکن راستےمیں کیا رکاوٹ آئی اس پر سوال اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں پانی بڑا مسئلہ بن جائےگا لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمران کسی بھی مسئلے کے حل میں سنجیدہ نظر نہیں آتے آئندہ دنوں میں جنگ اور سیاست کے الگ رنگ ہوں گے جس کے لیے پیشگی تیاری کرنا بے حد ضروری ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ہمارا کشمیریوں سے رشتہ اٹل ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کسی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے بلکہ آزادی کے اس سفر میں ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں