کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اقتصادی امور ملائشیا داتو سری عظمین علی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے ملائشین وزیر کو معاشی اصلاحات، مراعات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائشیا میں حلال فوڈ، سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون سمیت سیاحت، زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پراتفاق کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
وزیر اقتصادی امور داتو سری عظمین علی نے آمد پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ ملائشین وزیر نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود قریشی
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملائیشین نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتکلف عشائیے پر ملائیشین نائب وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔