اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں حملے کے سوگ میں پاکستان کا پرچم سرنگوں رہےگا، نعیم نے جان پرکھیل کرحملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ واقعے پراحتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں مجموعی طور پر50 افراد شہید ہوئے جن میں سے 9 پاکستانی ہیں، جبکہ ایک آئی سی یو میں ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمارے سفیرموجود ہیں، شہید پاکستانیوں کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، ہمارے وزرا شہدا کے گھرجا کرتعزیت کررہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ سے بات چیت ہوئی ہے وہ بہت زیادہ افسردہ ہیں، ان کے لیے یہ ایک بڑا سانحہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں جس شخص نے حملہ کیا اس کا تعلق آسٹریلیا سے ہے، دونوں مساجد میں ایک ہی شخص نے حملہ کیا، دونوں مساجد کے درمیان پانچ کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ حملہ آور حال ہی میں مختلف ممالک سے ہوتا ہوا واپس پہنچا تھا، اس واقعے سے پہلے اس شخص نے ایک ای میل کے ذریعے مطلع کرنے کی کوشش بھی کی کہ اس کا کیا ارادہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ واقعے میں 4 گرفتاریاں ہوئی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ پولیس نے ایک ہی شخص کوذمے دارٹھہرایا جس کی ویڈیوچلی۔
انہوں نے کہا کہ میتوں کی حوالگی کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا، 6 خاندان اپنے افراد کی تدفین وہیں کرائسٹ چرچ میں کرنا چاہتے ہیں جبکہ 3 خاندانوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کو پاکستان میں دفن کرنا چاہتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ میں نے نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ سے درخواست کی ہے کہ میتوں کی منتقلی کے عمل کو جتنا ممکن ہوسکے تیز بنایا جائے تاکہ ان کی تدفین ہوسکے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےاعلان کیا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ پر کل پاکستان کا پرچم سرنگوں رہے گا۔
نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔
مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔