نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہماری حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جی سی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک سے برادرانہ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کا اہم پہلو ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جی سی سی ممالک میں دوطرفہ تعاون کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اورخلیجی ممالک میں مذہبی، ثقافتی، جغرافیائی ہم آہنگی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی، اقتصادی تعاون میں خاطرخواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے، پاکستان ایف اے ٹی ایف اہداف کی تکمیل کے لیے سنجیدگی سےعمل پیرا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی معاونت پرجی سی سی کے شکرگزار ہیں، آئندہ ماہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں بھی جی سی سی کی معاونت درکارہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فری ٹریڈ معاہدے سے متعلق جی سی سی کے ساتھ 2 ادوار مکمل ہوچکے، فری ٹریڈ معاہدے کا حتمی دور بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہماری حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ جی سی سی ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری سے مستفید ہوسکتے ہیں، پاکستان میں توانائی کی ضرورت روز بروز بڑھ رہی ہے، خلیجی ممالک کے لیے قابل تجدید توانائی شعبےمیں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔