اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایرانی حکام کے ساتھ اورماڑہ دہشت گرد واقعے کی تفصیلات کا تبادلہ کرچکا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران کے اغوا کیے گئے سرحدی محافظ اہلکار کی بازیابی کے لیے مدد کررہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان اور ایران کی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہرکوئی جانتا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم اور پُرامن سرحد چاہتا ہے تاکہ سرحد پار سے دہشت گردی کو روکا جاسکے۔
موجودہ حکومت ہمسایوں سے پُرامن تعلقات کے لیے کوشاں ہے، شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کی بقا کے لیے ہمسایوں سے پُرامن تعلقات چاہتے ہیں۔
کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 14 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
لیویز ذرائع کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا تھا۔