ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے پاس سب کچھ ہے پی ٹی آئی والا جنون نہیں، ٹیم کے پورے کھلاڑی جب تک نہ کھیلیں ٹیم نہیں جیتتی، آج تکبر کا بت پاش پاش ہوگیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر مینار پاکستان میں ٹھاٹھیں مارتا سمندر اکٹھا کریں گے، نظریاتی کارکنوں نے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے پاناما کیس میں حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کیا، جب پاناما کیس فائل کیا تو سب نے کہا وقت کا ضیاع ہے، پاکستان کو کرپشن سے آزاد بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا سینیٹ الیکشن میں ن لیگ کا راستہ روکنا ہے، بلوچستان والوں کو پیغام دیا پی ٹی آئی وفاق کی مضبوطی کے لیے کام کررہی ہے، ہم نے سارے ووٹ وفاق پاکستان کی جھولی میں ڈال دیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے انکشاف کیا کہ کسی اہم شخصیت کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا گیا، کہا گیا ہمارے ساتھ آجاؤ ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ دیتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمینز کو فنڈز نہیں دئیے گئے جبکہ مخالفین جلسوں میں بھی ہماری نقل کرتے ہیں، آج تکبر کا بت پاش پاش ہوگیا۔