اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین کا دورہ سفارتی لحاظ سے کامیاب رہا ہم مطمئن لوٹ رہے ہیں، کوئی بھی تیسرا پاکستان اور چین کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ چین کی اہمیت سے سب واقف ہیں، چین میں دونوں نشستیں مکمل ہوچکی ہیں، کل چینی وزیر اعظم سے دو طرفہ تعلقات پر بات ہوئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر اعظم سے سی پیک منصوبوں اور اقتصادی ترقی پر بات ہوئی، چینی وزیر اعظم کل کی ملاقات میں مطمئن اور خوش نظر آئے۔ آج چینی صدر سے دوسری نشست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آج علاقائی اور اسٹریٹجک صورتحال پر بات ہوئی، چینی صدر سے نشست میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات ہوئی۔ چین نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ چین کو بھی بھارت کے 5 اگست کے اقدامات سے بہت اعتراضات ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے چینی صدر کے دورہ بھارت میں اس پر بات ہوگی، چینی صدر پاکستان کا نقطہ نظر پوری طرح سمجھ چکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو ہماری قومی امنگوں کا احساس دلایا۔ کوئی بھی تیسرا پاکستان اور چین کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے دورہ بھارت سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا، وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی مؤقف پر اعتماد میں لیا۔ چین کا دورہ سفارتی لحاظ سے کامیاب رہا ہم مطمئن لوٹ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مختلف چینی سرمایہ کاروں سے بات ہوئی ہے، چینی بزنس مینوں کو سرمایہ کاری کے فوائد سے آگاہ کیا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔